بلوچستان کے15 اضلاع میں پانچ روزہ پولیو مہم کل سے شروع ہوگی،حمیداللہ ناصر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے 15اضلاع میں پانچ روزہ پولیو مہم کل بروز پیر سے شروع ہوگی،ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹرحمیداللہ ناصر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیو مہم صوبے کے15اضلاع کی415یونین کونسلز میں آج سے شروع ہو رہی ہے۔ جن اضلاع میں پولیو مہم شروع کی جائیگی ان میں کوئٹہ،پشین، قلعہ عبداللہ چمن،جعفر آباد،نصیرآباد،لورالائی، خضدار، قلعہ سیف اللہ، دکی، مستونگ،،شیرانی، ژوب، اورچاغی اور لسبیلہ کے تحصیل حب اور گڈانی کے اضلاع شامل ہیں۔حمیداللہ ناصر نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران14 لاکھ90ہزار862 سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔پولیو مہم کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔مہم میں مجموعی طورپر6683ٹیمیں شامل ہونگی جن میں 5521موبائل ٹیمیں،358 ٹرانزٹ پوائنٹس اور429فکسڈ سائٹس ہونگی۔انہوں نے کہا ہے کہ مہم کے حوالے سے سیکورٹی کے انتظامات بھی کرلئے گئے ہیں۔مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سیکورٹی دی جائیگی جس پربلوچستان لیویز، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینا ت ہونگے۔ پولیو وائرس ہمارے ماحول میں موجود ہے اوران بچوں کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے جو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ لہٰذاٰ یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران پولیو ورکروں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے پولیو مہم میں معاونت اور اس ضمن میں اقدامات اطمینان بخش ہیں اور حکومت کی جانب سے تمام ضروری سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔حمیداللہ ناصر نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی میں والدین کا کردار اتنہائی اہم ہے۔اس کے علاوہ معاشرے کے تمام طبقات بلخصوص علماء کرام اور سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ مہم کی کامیابی کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں سمیت میڈیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مہم کی کامیابی میں کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے