عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی ٗ لالا یوسف خلجی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی عوام جب تک متحد نہیں ہونگے انکے مسائل حل نہیں ہوسکتے،نواب آف جونا گڑھ نواب جہانگیر خان کی ملک و قوم کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ ہفتہ کو نواب آف جونا گڑھ نواب جہانگیر خان سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پرعلاؤ الدین خلجی اور امریکہ سے آئے ہوئے عمرانی قبیلے کے رہنمابھی موجودتھے۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے بلوچستان میں قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کا بیڑہ اٹھارکھا ہے اور ابتک درجنوں قبائلی تنازعات کاپرامن تصفیہ کرکے لوگوں کو شیر و شکر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپس کی رنجشوں اورقبائلی دشمنیوں کی وجہ سے ہمیں بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے جب تک ہم آپس کی رنجشوں اوردشمنیوں کو ختم نہیں کریں گے اسوقت تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف کی بجائے قلم اور کتاب دینی چاہئے تاکہ وہ پڑھ لکھ کر ملک اورقوم کی باگ ڈور سنبھال سکیں۔انہوں نے کہا کہ نواب آف جونا گڑھ نواب جہانگیر خان کی خدمات ملک کیلئے کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ہمیں ملکر عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے تاکہ عوام کو مسائل سے نجات دلائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کے حقوق کے حصول اورانہیں ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے