بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری، سڑکیں ٹریفک کیلئے بند
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری کے باعث سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہیں، زیارت سنجاوی، کوئٹہ اور زیارت قلات میں برفباری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ۔سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت منفی تک پہنچ گیا۔ ڈومیارہ روڈ برفباری کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر زیارت حبیب نصیر کا کہنا تھا کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، شدید برفباری کے باعث زیارت سنجاوی، اور زیارت ڈومیارہ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی زیارت کے مطابق ضلعی انتظامیہ زیارت نے پی ڈی ایم اے نے کی بھاری مشینری کی مدد سے اسنو کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر زیارت حبیب نصیر نے کہا ہے کہ زیارت سنجاوی روڈ سے برف ہٹانے کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا تاہم کوئٹہ، زیارت،بارکھان، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ، نوکنڈی، دالبندین،موسیٰ خیل،ہرنائی، لورالائی،مستونگ، چمن اور نوشکی میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔