دہشتگرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے انارکلی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پوری قوم جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے متعلقہ اداروں سے کہا کہ دھماکے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں -انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ امن و امان کی فضا ء کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے اور دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں دہشتگردی کی فضاء قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خلاف عزم اور حوصلہ کمزور نہیں پڑ سکتا اور اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور لاہور واقعات ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی دہشت گردوں کے مذموم مقاصدکے لئے کی جانے والی کارروائیوں کی کڑی ہے جسے ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز ہمہ وقت دہشتگردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ساری قوم ہماری سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم سب مل کر دشمنوں کے عزائم کوخاک میں ملائیں گے انہوں نے لاہور دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔