بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے،عمران خان
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے۔وزیر اعظم عمران خان سے مشیر سمندر پار پاکستانی امور نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کرنے کے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور سفارتخانوں کے درمیان روابط بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے آسانیاں پیدا کیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے شکایاتی پورٹل قائم کیا گیا ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دیگر مسائل کے حل پر توجہ دی جائے۔