لاہور، نیو انار کلی بازار میں بم دھماکے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) نیو انارکلی بازار میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔لاہور کے علاقے نیو انارکلی میں پان منڈی کے قریب خوف ناک دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔دھماکا اتنا زوردار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور وہاں کھڑی کئی موٹرسائیکلوں کو آگ لگ گئی۔ ابتدائی طور پر اسے سلنڈر دھماکا کہا گیا تاہم بعد ازاں اس کے بم دھماکا ہونے کی اطلاع سامنے آئی۔ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا اور دھماکے کے بعد زمین میں گڑھا پڑ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ پر پہنچیں جب کہ سینئر پولیس افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔جاں بحق افراد کی شناخت ابصار اور رمضان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ رمضان نامی شخص قریبی دکان پر ملازم تھا جبکہ ابصار کی عمر 9 سال تھی جس کی والدہ بھی زخمی ہیں۔
زخمیوں میں خواتین شامل

دھماکے میں تین خواتین سمیت 23 افراد زخمی ہیں جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں 30 سالہ عدیم شجاع، 40 سالہ جمیل عبداللہ، ردا خالد، نبیلہ اور نشا شامل ہیں ۔ نشا جاں بحق بچے ابصار کی والدہ ہیں اور اس گھرانے کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔ دو زخمی خواتین کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے میو اسپتال منتقل کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے