بلوچستان میں پہلی لاء ڈیجیٹل لائبریری کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا ، ڈاکٹر ربابہ بلیدی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ ضابطہ فوجداری ترمیمی ایکٹ 09 کی شق نمبر 509 پر موثر عمل درآمد کے لئے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور اور نجی اداروں میں انسداد ہراسگی قوانین پر عمل درآمد کے لئے کمیٹیوں کی تشکیل میں مزید تاخیر قابل برداشت نہیں تمام محکمے اور ادارے تین روز کے اندر اس حوالے سے اپنی پیش رفت سے محکمہ قانون کو آگاہ کریں، بلوچستان میں پہلی لاء ڈیجیٹل لائبریری کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا جس کے بعد تمام قوانین اور زیر کارروائی مسودہ قانون تک رسائی اور اسٹیٹس سے آگاہی باآسانی ممکن ہوسکے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ قانون بلوچستان کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری قانون مشتاق حسین اور ڈپٹی سیکرٹری شجاع حسین کھوسہ نے پارلیمانی سیکرٹری قانون کو جاری منصوبوں سے متعلق بریفننگ دی بریفنگ میں بتایا گیا ہے اس سے قبل قانونی معاملات میں ریفرنس و معاونت کے لئے پنجاب لاء لائبریری کے سرور لنک سے معاوضہ پر خدمات حاصل کی جا رہی ہیں بلوچستان میں اپنی ڈیجیٹل لائبریری فعال ہونے سے محکمہ قانون بلوچستان کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور پنجاب لاء ڈیجیٹل لائبریری پر انحصار ختم ہوگا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ محکمہ قانون ایک اہم ڈیپارٹمنٹ ہے جس کی رائے اور گائیڈ لائن گڈ گورننس کے قیام میں کلیدی حیثیت کی حامل ہے تاہم عدم توجہ کے باعث بلوچستان میں محکمہ قانون کو اس کی افادیت اور کردار کے قطع نظر وہ خاطر خواہ اہمیت نہیں دی گئی جو ترقی یافتہ معاشروں میں حاصل ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں محکمہ قانون کی اپنی ڈیجیٹل لاء لائبریری کا قیام ایک غیر معمولی پیش رفت ہے منصوبے پر تقریبا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور بہت جلد اس کا افتتاح کردیا جائیگا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ہدایت کی قانون سازی اور مختلف سرکاری معاملات پر محمکہ قانون کی رائے کے عمل میں غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے اور امور کو تیزی سے نمٹایا جائے تاکہ کار سرکار سہل طور پر چلتے رہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ قانون میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے تسلسل کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے جس میں بہتری کی تجاویز مرتب کر کے طے شدہ ٹائم فریم میں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائیگا