این 25 شاہراہ پر گاڑیاں خضدار والوں کی جان کے دشمن بن گئے

خضدار (ڈیلی گرین گوادر) این 25شاہراہ پر بھاگتی دوڑتی گاڑیاں خضدار والوں کی جان کے دشمن بن گئے۔ قومی شاہراہ کے ساتھ نہ لنک روڈ ہے اورنہ ہی شاہراہ پر اوورہیڈ برج بنا یا گیا ہے، شہری شاہراہ پر چڑھتے ہی زخموں سے چور چور ہوجاتے ہیں یا جان سے چلے جاتے ہیں،سینکڑوں موٹر سائیکل سوار، گاڑی سوار اور پیدل چلنے والے شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں خاندان اجڑ گئے گھر ویران ہوچکے ہیں۔این ایچ اے خضدار کے عوام پر رحم کھائے اور خضدار میں اوور ہیڈ برج و لنک روڈ کی تعمیر کو یقینی بنائے تفصیلات کے مطابق خضدار سٹی میں قومی شاہراہ کے ساتھ لنک روڈ اور اوور ہیڈ برج کا نہ بننا ہی حادثات کے بڑے وجوہات میں سے ہیں، ایک ہی دن میں ہزاروں گاڑیاں و موٹر سائیکل سوار اور پید ل شہری سٹی خضدارمیں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے کے لئے قومی شاہراہ کو استعمال کرتے ہیں اور ان کا سامنا کوئٹہ یا کراچی تک سفر کرنے والی تیز رفتار گاڑیوں سے ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر حادثات پیش آتے ہیں اور یہ شہری حادثات کا شکار ہو کر موت کے آغوش میں چلے جاتے ہیں، ٹرالر گاڑیاں، مال بردار ٹرک گاڑیاں اور کراچی منڈی کے لئے سبزیاں پہنچانے والی مزدا ٹرک گاڑیوں کی رفتار کافی تیز تر رہتی ہے اوروہ شہر میں کسی بھی موقع پر ان کی رفتار میں کمی نہیں آتی ہے اس لیئے خضدار سٹی سے قومی شاہراہ پر آنے والی سست رفتار گاڑی یا موٹر سائیکل سوار انہی تیز رفتار وچھوٹی بڑی گاڑیوں کی زد میں آکر حادثے کا شکار ہوتے ہیں اور جان سے چلے جاتے ہیں یا زخمی ہو کر اپاہج بن جاتے ہیں۔ این 25شاہراہ پر این ایچ اے کی توجہ کافی کم ہے ملک کے دیگر بڑے شہروں میں موٹروے یا قومی شاہراہ کے ساتھ مقامی شہر اور یا شہریوں کے لئے لنک روڈ بنائے جاتے ہیں تاکہ وہ طویل شاہرا ہ پر چڑھنے کی بجائے لنک روڈ استعمال کریں اور پیدل چلنے و موٹر سائیکل سواروں کے لئے شہر کے مصروف مقامات پر اوورہیڈ برج بنائے جاتے ہیں بد قسمتی سے خضدار سٹی میں این ایچ اے کی جانب سے ایسا کوئی اضافہ یا سہولت یہاں کے شہریوں کو نہیں دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خضدار میں زیروپوائنٹ، شاہسوار چوک، ایدھی چوک، چمروک، جھالاوان کمپلیکس، موضع سنی، اور سبزی منڈی کے حدود میں کافی خطرناک جان لیوا حادثات رونماء ہورہے ہیں جن میں اب تک کثیر تعداد میں شہری جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ کافی تعداد میں افراد و ان کے خاندان متاثر ہوچکے ہیں۔خضدار میں چمروک، سبزی منڈی، و دیگر مقامات پر اوورہیڈبرج کا بننا بے حد لازمی ہے جب کہ خضدار کے مقامی ٹریفک کے لئے این 25قومی شاہراہ کے ساتھ ایک لنک روڈ بھی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ شہری اسی لنک روڈ کو آمدو رفت کے لئے استعمال کریں ا ور انہیں قومی شاہراہ پرآنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ حادثات کے روک تھام اور شہریوں کی جان کی حفاظت کے لئے یہ اقدامات اٹھانا بے حد ضروری ہے۔اب این ایچ اے اور بلوچستان حکومت پر لازم ہے کہ عوام کو جان لیوا حادثات کی عفریت سے بچانے کے لئے ان منصوبوں کی فزیبلٹی بنا کرفوری طور پر ان کو پائیہ تکمیل تک پہنچائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے