انارکلی دھماکا: وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید الفاظ میں مذمت

لاہور:صوبائی دارالحکومت کے علاقے انارکلی میں بم دھماکے کے بعد وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

لاہور کےعلاقے لوہاری گیٹ پر دکانوں کے قریب دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے سے متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب کھڑی موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں، دھماکے کی جگہ کو شامیانے لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں عمران خان نے کہا کہ انارکلی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دھماکے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ انارکلی بازار لاہور کے پاس ہونے والا دھماکا امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے- دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سےنہیں بچ پائیں گے۔ ہم دھماکےمیں جاں بحق افراد کےاہلخانہ کےدکھ اور درد میں برابر کےشریک ہیں- زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنےکی ہدایات دی ہیں-

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاہورانارکلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، دھماکے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہوا۔ زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔ پنجاب حکومت سے انارکلی دھماکے کی رپورٹ طلب کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں بم دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت زخمیوں کے فوری بہتر علاج و معالجے کے لئے اقدامات کرے، اسلام آباد میں پولیس افسران کی شہادت کے بعد انارکلی میں دھماکا تشویش ناک ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت ہوئی، ملک میں دہشت گردی کا عفریت قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے، عمران خان میں وہ اہلیت نہیں کہ کسی بحران کو حل کرسکیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ لاہور میں دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی، افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ انار کلی بازار جسے پر ہجوم اور مصروف ترین علاقہ میں دھماکہ نہایت افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے۔ بچے سمیت جاں بحق اور زخمی ہونے والے خاندانوں اور پاکستان پر رحم فرمائے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کے زندہ دل اور تاریخی علاقے انار کلی میں دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پر بے حد دکھ اور افسوس ہے۔ معصوم بچےاورغریب افراد اس میں نشانہ بنے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشت گردی ملک کے لئے نیک فال نہیں!

اُدھر مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے لاہور انارکلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ پرامن شہر کا امن خراب کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔

امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے انارکلی بم دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا فضل الرحمان نے کہا کہ انارکلی بازار میں دھماکے کا سن کر بے حد افسوس ہوا، انارکلی دھماکے سے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی نا اہلی کھل کر سامنے اگئی ہے، صوبائی حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہے، جمعیت علماء اسلام کے رضاء کار زخمیوں کو خون کے عطیات فراہم کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے