الیکشن کمیشن نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 10پارلیمنٹرینزکی رکنیت معطل کردی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے اور اہلخانہ کے اثاثہ جات وزیر کفالت افراد کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 10پارلیمنٹرینز کی رکنیت معطل کردی، بلوچستان سے سینیٹ کے ایک، قومی اسمبلی کے دو جبکہ صوبائی اسمبلی کے سات ارکان نے اثاثوں و زیر کفالت کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں، تفصیلات کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشن 137کے سب سیکشن 1کے تحت اراکین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کو 31دسمبر تک یا اس سے قبل اپنے، اپنے شریک حیات اور بچوں اثاثوں اور زیر کفالت کی تفصیلات جمع کروانی ہوتی ہیں جبکہ 15جنوری تک تفصیلات جمع نہ کروانے اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی جاتی ہے بلوچستان سے اب تک 10اراکین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے تفصیلات جمع نہیں کروائی گئیں جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان اراکین کی رکنیت معطل کر دی ہے جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں بلوچستان سے سینیٹ کی جنرل نشست پر منتخب سینیٹر پرنس آغا عمر احمدزئی، قومی اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوابزادہ خالد حسین مگسی، پی ٹی آئی کی رکن منورہ بلوچ، بلوچستا ن اسمبلی کے سات اراکین صوبائی وزیر ریونیو میر سکندر علی عمرانی، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمدرند، بی اے پی کے سابق صوبائی وزراء میر سلیم کھوسہ، میر عارف جان محمد حسنی، بی این پی کے میر اکبر مینگل، احمد نواز بلوچ شامل ہے تمام اراکین کی رکنیت اثاثوں و زیر کفالت کی تفصیلات جمع نہ کروانے کی وجہ سے معطل کر دی گئی ہے