پی ڈی ایم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے : حافظ حمداللہ
اسلام آباد:پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ اومیکرون اور کورونا وائرس سے زیادہ عمران وائرس پاکستانیوں کیلئے جان لیوا ثابت ہورہا ہے۔ترجمان حافظ حمداللہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام سے خوشیاں تو کیا زندگی بھی چھین لی ہے، گھروں میں لوگ بے چین اور نفسیاتی مریض بنتے جارہے ہیں۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ یہ فیصلے عمران خان آئی ایم ایف کے حکم پر کررہا ہے، یہ عوام کا نہیں آئی ایم ایف کا کارندہ ہے۔انکا کہنا ہے کہ عمران خان نے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری بھی آئی ایم ایف کے حوالے کردی، وہ اسٹیٹ بینک جس کو قائد اعظم ایک آزاد بینک بنانا چاہتے تھے عمران نیازی خود تو آئی ایم ایف کا غلام ثابت ہوا۔پی ڈی ایم کے ترجمان نے کہا کہ اب اس نے پاکستان کی معاشی خود مختاری کو بھی آئی ایم ایف کے غلامی میں دے دیا، اومیکرون اور کورونا وائرس سے زیادہ عمران وائرس پاکستانیوں کیلئے جان لیوا ثابت ہورہا ہےحافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ عمران وائرس سے نجات پانا پوری قوم کی ذمہ داری ہے، قوم پی ڈی ایم کی قیادت کے کندھے سے کندھا ملاکر ساتھ دے تاکہ اس جان لیوا بیماری سے قوم نجات پاسکے۔