حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیٹشن پرچل رہی ہے، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع، جنرل سیکرٹری سید آغا محمود شاہ اور سیکرٹری اطلاعات دلاور خان کاکڑ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کو خودکشیوں پر مجبور کرنے کی کوشش کررہے ہیں، شروع دن سے لیکر آج تک آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے ہر روز بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ملک کو بحرانوں سے دوچار کردیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیٹشن پر چل رہی ہے جبکہ حکومت اپنی نااہلی کی وجہ سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا حکومت نے درست وقت پر ایل این جی امپورٹ نہیں کی، صحیح وقت پر ایل این جی امپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوگئی اور بوجھ عوام پر ڈالاگیا۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم کی قیادت پر اگر اس وقت کے اپوزیشن جماعتوں نے ساتھ دیتا تو آج وفاقی حکومت کا نام و نشان نہیں رہتا مگربدقسمتی سے بعض سیاسی جماعتوں نے پی ڈی ایم کی تحریک سے علیحدگی اختیار کی جس کی وجہ سے آج ملک موجودہ صورتحال گزررہی ہے انہوں نے کہاکہ ملک کی تاریخ سب سے زیادہ مہنگائی اس وقت ہے غربت اور بے روزگاری نے ڈھیرے جما رکھے ہیں عمران نیازی اور ان کی حکومت کی بدترین غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام موجودہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے خلاف سڑکوں پر نکل جائے اور ان نااہل حکمرانوں کے خاتمے تک احتجاج کریں۔