جب زرداری صدر تھے تو آئی ایم ایف کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے تھے،مراد علی شاہ
تھر پارکر: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فنانس بل کے حوالے سے ایک بار پھر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔تھر ڈیزرٹ آف روڈ چیلنج کی تقریب میں شرکت کے لیے شاہ اسلام کوٹ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت نے درست وقت پرایل این جی امپورٹ نہیں کی، صحیح وقت پر ایل این جی امپورٹ نہ کرنے کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوئی اوربوجھ عوام پرڈالا گیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف )کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے جبکہ حکومت کو اپنی نااہلی کی وجہ سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔انھوں نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ نے ایک انٹرویو میں کہاتھا کہ 2009 میں آئی ایم ایف سے ڈیل کرنا آسان تھا، وزیر خزانہ کا قلعہ محفوظ نہیں ہے، جب زرداری صدر تھے تو ہم آئی ایم ایف کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کرتے تھے۔