مولانا فضل الرحمان 29 جنوری کو بلوچستان کا دورہ کریں گے
خضدار (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی نائب امیر شیخ الحدیث مولانا غلام قادر قاسمی نے خضدار میں گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی قائد مولانا فضل الرحمان 29جنوری کو بلوچستان کا دورہ کریں گے جہاں وہ مدرسہ قاسم العلوم بھوانی حب میں علماء کنونشن و دستارِ فضیلت کانفرنس سے خطاب کریں گے۔اس سلسلے میں تیاریاں مکمل کردی گئیں ہیں علمائے کرام کو مدعو کیا جائیگا۔ مولانا غلام قادر قاسمی کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیاء کے لئے ایک مدبر رہنماء ہیں ان کی سیاسی اور قائدانہ صلاحیتیں تسلیم شدہ ہیں جس نے ملک میں ایسے صاف و شفاف سیاست کو فروغ دیتے ہوئے قوم ملت کی رہنمائی کی ہے کہ جس پر اپنے اور دوسرے سب معترف ہیں۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام اور دینی مدارس کی بھی بہتر انداز میں رہنمائی کی ہے اور مشکل حالات میں ان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ 29جنوری کو قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمن حب میں علماء کنونشن سے خطاب کریں گے۔ اس سلسلے میں جے یوآئی کے مرکزی نائب امیر شیخ الحدیث مولانا غلام قادر قاسمی نے خضدار کا ایک روزہ دورہ کیا انہوں نے مدرسہ جامعہ اسلامیہ خضدار میں جے یوآئی کے مرکزی سرپرست مولانا قمرالدین سے ملاقات کی اور انہیں علماء کنونشن میں شرکت کی دعوت دی۔جے یوآئی کے مرکزی نائب امیر شیخ الحدیث مولانا غلام قادر قاسمی نے خضدار پریس کلب کے اراکین کو علماء کونشن حب میں شرکت کی دعوت دی۔