بلدیاتی نظام پراحتجاج کرنےوالوں نےکبھی گیس قلت پربات نہیں کی،سعیدغنی
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) سندھ کے وزیراطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں بلدیاتی نظام کو بنیاد بنا کر جو جماعتیں احتجاج کررہی ہیں انھوں نے کبھی گیس قلت پربات نہیں کی۔
کراچی میں ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ سعیدغنی نے بتایا کہ آج پی ٹی آئی، جی ڈی اے اور ایم کیوایم بلدیاتی نظام کےخلاف احتجاج کررہی ہیں لیکن انھوں نے کبھی گیس قلت پر بات نہیں کی۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تینوں صوبوں اوروفاق میں حکومت میں ہے اور یہ بلدیاتی نظام کی آڑ میں تماشا لگا رہے ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ کل نیپرا نےعوام سے مزید اربوں روپے بٹورنے کی اجازت دی ہے، پچھلے مہینے بھی 4 روپے فی یونٹ کی اجازت دی گئی تھی،اب دسمبر اور جنوری میں اضافی بل دینا پڑے گا۔صوبائی وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ پچھلے 3 ماہ سے پیٹرول میں اضافہ اور ہر ماہ چارروپے اضافہ الگ ہے جبکہ گیس بحران بھی جاری ہے جس سے کراچی کی صنعتیں بند ہورہی ہیں اور لوگ بیروزگارہورہے ہیں۔
انھوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ملک میں دواؤں کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے اور لوگ دواؤں کی خرید سے محروم ہیں۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایل این جی خریداری میں کرپشن پر کئی حکومتی وزراء فارغ کئے جاچکے ہیں اور اب ایل این جی کی جگہ مہنگا فرنس آئل استعمال کیا جارہا ہے جس کی سزا عوام کو دی جارہی ہے۔