ملک و قوم کی پائیدار ترقی اور خوشحالی میں مضبوط معاشی نظام کا کلیدی کردار ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ ملک و قوم کی پائیدار ترقی اور خوشحالی میں مضبوط معاشی نظام کا کلیدی کردار ہے اور ضروری ہے کہ معاشی عوامل کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گورنر بلوچستان نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ضلعی اور نچلی سطح پر وسعت دی جانی چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ کر سکیں. ان خیالات کا اظہار انہوں جمعہ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عبدالجبار سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مالیاتی امور اور ادارے کی عمومی کارکردگی میں شفافیت اور بہتری آئی ہے تاہم اب بھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے. انہوں نے اس بات کو سراہا کہ نادرا اور ایف آئی اے نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور خاص کر احساس پروگرام میں مبینہ طور پر ہونے والی بیقاعدگیوں پر قابو پانے اور حق کو حقدار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے. گورنر بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ مسقبل بھی مذکورہ ادارے بی آئی ایس پی کے ساتھ تعاون اور اشتراک جاری رکھیں گے.۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے