عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) اقتدار ہماری منزل کبھی بھی نہیں رہی بلکہ عوام کی خدمت ہی ہمارا منشور اور نصب العین ہے۔عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ورکرز پارٹی کا سرمایہ ہیں اور انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ورکرز کی دن رات محنت سے پارٹی کی جڑیں آج عوام کے دلوں میں ہیں۔انہوں نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر جاری ہے اوربلوچستان حکومت بلا رنگ و نسل اور تعصبات سے بالاتر ہو کر بلوچستان کے عوام کی خدمت میں دن رات کوشاں ہے اور عوام کی خدمت،ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔جاری ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔عوامی مفادات کے لئے جوبھی اسکیمات جاری ہیں وہ اجتماعی مفادات کی بنیاد پر ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام ان مفید اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی سیاست کا محور خلوص نیت سے عوام کی بے لوث خدمت اور ان کے مسائل حل کرنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بی اے پی دن بہ دن عوام میں مقبول تر ہوتی جارہی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ و فریب کی سیاست کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور عوام باشعور ہو چکے ہیں اور اچھے برے کی پہچان رکھتے ہیں۔بلوچستان کے عوام صوبے میں امن اور خوشحالی چاہتے ہیں اور یہی پارٹی کا منشور و نصب العین بھی جس کے حصول کے لئے عوامی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے عملدرآمد تیزی سے جاری ہے انہی منصوبوں اور ترقی و خوشحالی کے لئے بلوچستان کے عوام آئندہ بھی بی اے پی کو ووٹ دیں گے اور انشاء اللہ تعالیٰ ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے