گوادر اور ریکوڈک پہلے بلوچستان کی ملکیت ہے،بعد میں وفاق کا حصہ ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 22 کروڑعوام سے یکساں سلوک نہیں کریں گے تو خلا کم نہیں بڑھتا جائے گا اور یہ ملکی سلامتی اور آئین کی بالادستی کی بات ہے۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آج حکومت کے بلائے گئےاجلاس کا کورم اپوزیشن نے پورا کیا اوراس سے ثابت ہوگیا کہ اس ایوان کے تقدس کا حق کون ادا کررہا تھا۔

انھوں نے کہا کہ آج اخترمینگل کی تقریر سن کر یاد آیا کہ کبھی مشرقی پاکستان کے ہمارے بھائی بھی ایسی تقریریں کرتے تھے،جب وقت ہاتھ سے نکل جاتا ہے تو ہم افسوس کرتے رہتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ یہ گوادر اور ریکوڈک پہلے بلوچستان کی ملکیت ہے اور بعد میں وفاق کا حصہ ہے، یہ کیسی تقسیم ہے کہ سوئی میں گیس نہیں لیکن میرے گھر سیالکوٹ میں گیس ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اخترمینگل نے صحیح کہا ہے کہ مری پر سب بات کرتے ہیں لیکن بلوچستان ہر بات نہیں ہو رہی ہے،اگر ایسا سلسلہ جاری رہا تو پھر دیواریں اور چوڑی کرنی پڑیں گی۔لیگی رہنما نے کہا کہ جب تک 22 کروڑعوام کو ایک پیمانے سے نہیں تولیں گے،ملک میں فالٹ لائنز بڑھتی جائیں گی، یہ وقت لڑائیوں کا نہیں بلکہ پاکستان کو متحد رکھنے کا ہے۔

منی بجٹ کو انھوں نے مہنگا بجٹ قرار دیا اور کہا کہ سب مالیاتی ادارے اس لئے نیوٹرل کی رٹ لگا رہے ہیں کہ سب ٹیکس کا بوجھ عام آدمی نے اٹھانا ہے۔ملک میں کچھ ایسے گھرانے ہیں جو اپنی شادیوں پر دو کروڑروپےخرچ کردیتےہیں مگرزیادہ تروہ لوگ ملک میں رہتے ہیں جنہیں 2 وقت کی روٹی میسر نہیں ہوتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے