کوئٹہ ڈاکٹرزکااحتجاج،ریڈ زون میں داخلےپرپولیس کالاٹھی چارج ،جھڑپ میں ڈاکٹرز زخمی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ میں احتجاجی ینگ ڈاکٹرز کو ریڈ زون میں داخلے سے روکنے کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔پولیس نے لاٹھی چارج کے دوران 20 ڈاکٹروں کو گرفتار کیا، جب کہ تصادم میں 6 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

ترجمان وائی ڈی اے کے مطابق پولیس کے تشدد سے 10 سے زائد ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کے ارکان زخمی ہوئے۔پولیس کی جانب سے حساس علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ڈاکٹروں کو پولیس موبائلز میں ڈال کر خروٹ آباد اور کینٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز کی سنڈیمن اسپتال سے انسکمب روڈ پر احتجاجی ریلی میں ینگ ڈاکٹرز کےعلاوہ پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ینگ ڈاکٹرز کی ریلی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، جب کہ ریڈ زون کو جانے والے راستے خاردار تاریں لگا کر بند کردیئے گئے۔

قبل ازیں ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات کے حق میں ریڈ زون میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے مظاہرے کا اعلان کر رکھا تھا۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز اسپتالوں کی مبینہ نجکاری اور سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کے فقدان پر احتجاج کر رہے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ینگ ڈاکٹرز مطالبات کے حق میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے ہڑتال اور احتجاج پر ہیں، کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ان ڈور سروسز اور او پی ڈیز بند ہیں۔ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے