حکومت اورڈاکٹروں کے تنازعہ میں غریب اورلاچارعوام پس رہے ہیں، جما ل شاہ کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جما ل شاہ کاکڑ نے کہا کہ حکومت اور ڈاکٹروں کے تنازعہ میں غریب اور لاچار عوام پس رہے ہیں، ڈاکٹروں کے ایمرجنسی سمیت تمام سروسز کے بائیکاٹ کا خمیازہ مریضوں کو بھگتنا پڑیگا، حکومت اور ینگ ڈاکٹرز بامقصد مذاکرات کر کے افہام و تفہیم سے جلد از جلد مسائل حل کریں ریاست مسیحاہوں پر طاقت کے استعمال سے گریز کرے، یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کی ریلی پر کریک ڈاؤن پر رد عمل دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پولیس کے ڈاکٹرز کی ریلی پر طاقت کے استعمال کو دیکھ کر افسوس ہوا ڈاکٹر مسیحااور معاشرے کا باشعور،پڑھا لکھا طبقہ ہیں ان پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں کے استعمال سے صوبے کا منفی تشخص اجاگر ہوا ہے ساتھ ہی ایک مقصد پیشے کی بے حرمتی بھی ہوئی ہے کوئٹہ میں جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا حکومت ڈاکٹروں کو جمہوری انداز میں احتجاج کا حق دے تاکہ وہ اپنی بات عوام کے سامنے رکھ سکیں انہوں نے کہا کہ حکومت اور ڈاکٹروں کے درمیان تنازعہ کے نتیجے میں ڈاکٹروں کی جانب سے ایمرجنسی سمیت دیگر سروسز کا بائیکاٹ نا مناسب عمل ہے اس کے منفی اثرات صرف اور صرف غریب،بے سہارا اور لاچار مریضوں پر پڑیں گے جو سرکاری ہسپتالوں میں اپنا علاج کروانے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ مریضوں اور عوام کا کیا قصور ہے کہ انہیں علاج معالجے کی سہولیات سے محرو م کیا جارہا ہے ڈاکٹرز احتجاج کریں اور مطالبات ضروررکھیں لیکن وہ اپنے مقدس پیشے کا خیال رکھتے ہوئے مریضوں کو طبعی امداد کی فراہمی یقینی بنائیں انہوں نے حکومت اور ینگ ڈاکٹرز سے اپیل کی کہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری تنازعہ کے خاتمے کے لئے بامقصد اور با معنی مذاکرات کئے جائیں تاکہ ہڑتال، احتجاج کے باعث پریشان مریضوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے