نوجوان ہمارے لیے قابل فخراوران کی کاوشیں نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہیں، سید ظہورآغا
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ آج کے نفسانفسی کے دور میں کچھ ایسے درد دل رکھنے والے افراد موجود ہیں جو صرف اپنے لیے زندگی گزارنے کی بجائے دوسروں کی جان بچانے کیلئے اپنی زندگی کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں ایسا ہی ایک حیران کن اور خوش گوار واقعہ حال ہی میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پیش آیا. گورنر بلوچستان نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے خود سوزی کی کوشش کرنے والے ایک شخص کی جان بچانے کی کوشش پر کوئٹہ کے مایہ ناز سوشل ایکٹیویسٹ نذیر بازئی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے انسان دوست نوجوان ہمارے لیے قابل فخر اور ان کی کاوشیں نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہیں. انہوں نے میڈیا کے مختلف ذرائع سے تعلق رکھنے والوں پر زور دیا کہ وہ خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والوں کی بلاامتیاز حوصلہ افزائی کریں آخرمیں گورنر بلوچستان نے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں شیلڈ سے نوازا۔