لتا منگیشکر کی طبعیت ناساز، آئی سی یو منتقل
دہلی(ڈیلی گرین گوادر)نامور بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئی ہیں، جس کے بعد انہیں علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ سے جاری ہونے والی خبروں کے مطابق لتا منگیشکر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، ان میں کرونا کی معتدل علامات موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لتا منگیشکر آئی سی یو میں داخل ہیں، تاہم ان کی طبیعت بہتر ہے، اُنہیں احتیاطی طور پر آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارتی گلوکارہ کو 2019 میں بھی سانس کے مسئلے کی وجہ سے اسپتال داخل کرایا گیا تھا، لتا نے گزشتہ سال ستمبر میں اپنی 92 ویں سالگرہ منائی تھی۔لتا نے انیس سو بیالیس میں اپنے والد دینا ناتھ منگیشکر کے انتقال کے بعد باقاعدہ گلوکاری شروع کردی تھی، دینا ناتھ کی بیٹیوں میں نہ صرف لتا نے سروں کی دنیا میں مقبولیت حاصل کی بلکہ ان کی بہن آشا بھوسلے نے بھی گلوکاری میں اہم مقام حاصل کیا۔
سال 1929 میں پیدا ہونے والی لتا کی آواز سے ان کی عمر کا ذرا بھی اندازہ نہیں لگایا جاسکتا، بھارتی گلوکارہ اب تک 50 ہزار سے زائد گانے گا چکی ہیں، وہ 1974ء سے 1991ء تک گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ ہولڈر کے طور پر شامل رہیں۔واضح رہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں حالیہ دنوں میں متعدد فنکاروں کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔اس سے قبل بالی ووڈ اداکار بونی کپور اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔
دوسری جانب کرونا وائرس اور اومیکرون میں اضافے کی وجہ سے بھارتی ریاست مہاراشٹر میں اسکول اور کالج 15 فروری تک بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹر میں سوئمنگ پول اور جم پیر سے بند کر دیئے جائیں گے جب کہ دفاتر میں ملازمین کی حاضری 50 فیصد تک محدود کر دی گئی ہے۔مہاراشٹر کے نجی دفاتر میں مکمل ویکسینیشن والوں کو ہی آنے کی اجازت ہوگی۔