صوبائی حکومت ماحولیاتی تبدیلی کی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، میر عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ماحولیاتی تبدیلی کی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی معاونت سے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر برائے پاکستان مسٹر جیولین ہارنیز (Mr Julien Harneis)کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند اور صوبائی سیکرٹری ماحولیات عبدا لصبور کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں بلوچستان کے انڈس بیسن پر واقع جعفر آباد، نصیر آباد، صحبت پور اور جھل مگسی اضلاع میں نکاسی آب کے نظام کی کمزوری سے ماحولیات اور ایکو سسٹم کو پہنچنے والے نقصانات کو کم سے کم سطح پر لانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اقوام متحدہ کے نمائندہ نے آگاہ کیا کہ ان کا ادارہ ملک بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور ایکو سسٹم کی بحالی کے منصوبوں کیلئے ماسٹر پلاننگ کررہا ہے جس میں بلوچستان کے چار اضلاع بھی شامل ہیں چار ماہ کی مدت میں ماسٹر پلاننگ مکمل کرکے اس حوالے سے منصوبے تجویز کئے جائیں گے۔ ان میں نہری نظام کی بہتری کا میکنزم بھی شامل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ان اضلاع میں ماحولیاتی خطرات کے باعث زرعی پیداوار بھی متاثر ہورہی ہے جبکہ انسانی صحت اور بقاء کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیاگیا کہ گلوبل وارمنگ کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہونے سے گلیشئر پگھل رہے ہیں جس سے آنے والے وقتوں میں دنیا بھر کو پانی کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑے گا اس خطرہ سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ دستیاب آبی وسائل کے استعمال کی بہتر مینجمنٹ کی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں اقوام متحدہ کے اداروں کی معاونت سے مختلف شعبوں میں کام ہورہا ہے اور سندھ کے ساتھ انڈس بیسن کا منصوبہ بھی اہمیت کا حامل ہے جس کیلئے ہم مکمل معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اضلاع کے تمام منتخب عوامی نمائندوں کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے جو پہلے ہی سے اپنے اضلاع کو درپیش ماحولیاتی خطرات سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پہلے بھی کئی منصوبے زیر غور رہے ہیں تاہم ان پر صحیح طور پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔وزیراعظم پاکستان ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی ماسٹر پلاننگ بلوچستان اور پاکستان کے مستقبل کیلئے ضروری ہے۔اس موقع پر سول سوسائٹی، صوبائی اسمبلی اور بیوروکریسی سے ماسٹر پلاننگ کیلئے فوکل پرسن نامزد کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے