ڈرائیونگ لائسنس کے تمام مراحل میں میرٹ کو برقرار رکھا جائے گا،زوہیب اللہ کبزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن زوہیب اللہ کبزئی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے ٹیسٹ لینے کا مقصد ٹریفک حادثات کی روک تھام اورمسافروں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ڈرائیوروں کی قابلیت او ر صلاحیتوں میں اضافے کے سلسلے میں ٹریفک قوانین کی جانکاری اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بہترین حکمت عملی سے ہی مسافروں کی حفاظت کو یقینی اور کسی بھی خرابی کی صورت میں گاڑی کی فوری درستگی بھی ممکن ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کوئٹہ میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے انعقاد کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک سریاب سرکل عبداللہ شاہ، موٹر وہیکل ایگزامئنر کوئٹہ کامران خان،سپرئیٹنڈنٹ آر ٹی اے حمید اللہ محمد حسنی اور دیگرموجود تھے۔ سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر مسافروں کے تحفظ اور بڑھتے ہوئے حادثات کے روک تھام کے سلسلے میں ڈرائیوروں کی قابلیت کو دیکھنا بے حد ضروری ہے اس سلسلے میں تمام ڈرائیوروں کی جسمانی، ذہنی اور تکنیکی قابلیت کو پرکھنا اور مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والوں کوہی ڈرائیونگ لائسنس دئیے جائیںگے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے تمام مراحل میں میرٹ کو برقرار رکھا جائے گا۔بغیر ٹیسٹ اور کلیئرنس کسی بھی ڈرائیور کو لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا۔ کیونکہ ہماری غفلت اور لاپرواہی کئی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کوہی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ڈویژن میں ٹرانسپورٹ کی حالت بہتر بنانے اور مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں معیاری اور جدید بسوں کی وجہ سے سفر آرام دہ ہوگیا ہے اور اس سلسلے میں ڈرائیونگ پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ مسافر کسی پریشانی اور مشکل کے بغیر منزل مقصود تک پہنچے۔اس موقع پر LTV اور HTV کمرشل لائینسز کے حصول کے لیے درخواست دینے والے 93 ڈرائیوروں سے ذہنی اور تجزیاتی ٹیسٹ لینے کے علاوہ ٹریفک قوانین کے بارے میں مختلف سوالات بھی کئے گئے جس میں سے 53 ڈرئیورز پاس جبکہ 41 کو فیل قرار دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے