مری کو ضلع بنانے کا فیصلہ،نیا نام ضلع کوہسار رکھنے کی تجویز
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) مری کو ضلع بنانے کے فیصلے کے بعد اس کا نام ضلع کوہسار رکھنے کی تجویز پیش کر دی گئی۔ اس سیاحتی علاقے کے لئے کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی قائم کی جائے گی۔ وزیراعلی نے ہدایات جاری کر دیں۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے مری کو ضلع کا درجہ دینے اور کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے لئے اقدامات کا حکم دیا ہے۔ ضلع کوہسار کی حد بندی کے لئے بورڈ آف ریونیو سے سفارشات طلب کرلی گئی ہیں۔ کون سے علاقے نئے ضلع میں ہوں گے۔ چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اپنی سفارشات دیں گے۔ تجویز کردہ ضلع کوہسار کے علاقے کی حدود خیبر پختونخوا تک ہوگی۔ پنڈی کے کچھ علاقے بھی اس ضلع میں شامل ہوسکتے ہیں۔
عثمان بزدار نے مقامی ارکان اسمبلی سے بھی مشاورت کی ہدایت کر دی ہے۔ اس سیاحتی مقام کے لئے کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیاحتی مقام پر تعمیر و ترقی کی ذمہ دار ہوگی۔ کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی بھی ذمہ دار ہوگی۔ سیاحتی ضلع کو مشینری خریدنے کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مری واقعہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی 7 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی، کوتاہی یا غفلت کے ذمہ داروں کیخلاف ایکشن ہوگا، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے مری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ، بارشوں اور دیگر واقعات کے باعث عمارتیں گرنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا۔
عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے 3 کروڑ 35 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے ناگہانی واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی امداد کسی زندگی کا مداوا نہیں، غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، مری واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ 76 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔