بلوچستان میں کھیلوں کے میدان نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں،لالا یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں کھیلوں کے میدان اورپارک نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں،بلوچستان کے ارکان پارلیمنٹ کو پنجاب اور سندھ میں کھیلوں کے میدان اور پارک نظر نہیں آتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ صوبے میں کھیلوں کے میدانوں اور پارکوں کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔یہ بات انہوں نے یہاں ایک نوجوانوں کے وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن یہاں کھیلوں کے میدان اور پارک نہ ہونے کی وجہ سے تفریحی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی اور منشیات کی طرف راغب ہورہے ہیں جو کسی بھی طرح معاشرے کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پنجاب اورسندھ جاتے ہیں کیا انہیں وہاں پارک اور کھیلوں کے میدان نظرنہیں آتے ارکان پارلیمنٹ نوجوانوں کو کھیلوں اورتفریح کی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے وہاں فنڈز خرچ کرتے ہیں جہاں سے انہیں کمیشن ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں کھیلوں کے میدان اور پارک آباد ہوتے ہیں وہاں سماجی برائیاں جنم نہیں لیتی اور ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے میدان اور پارک تعمیر کرے تاکہ نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوسکیں۔