مری میں رات کو لوگ سردی سے ٹھٹھر کر مرتے رہے حکومت اور انتظامیہ سوتی رہی : حمزہ شہباز
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما، صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جانب سے مری میں ہونے والی اموات پر حکومتی ارکان سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیان میں مری واقعے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت لوگوں کی جان کا تحفظ کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے، کٹھ پتلی وزیراعلیٰ، اسلام آباد میں بیٹھ کر ڈوریں ہلانے والا وزیراعظم اس المیے کے ذمہ دار ہیں، لوگوں کی جان بچانے میں ناکامی پر ان تمام افراد کو استعفی دینا چاہئے۔حمزہ شہباز نے سوال اٹھایا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کو مری میں داخلے کی اجازت ہی کیوں دی گئی؟ اگرحکومت گاڑیوں کا داخلہ روکنے میں ناکام رہی تو پھر پھنسےافراد کو ریسکیو ہی کرلیا جاتا۔اُن کا مزید کہنا ہے کہ پوری انتظامی مشینری کوانسانی جانیں بچانے پر کیوں نہیں لگایا گیا، رات جب ہلاکتوں کی خبریں آنا شروع ہوئیں تب بھی نااہل حکومت کے کان پر جوں نہ رینگی، حکومت کی سنگ دلی، بے حسی اور نااہلی کے باعث یہ انسانی سانحہ ہوا ہے۔حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مری میں ابھی تک 20 سےزائد اموات کی اطلاعات ہیں، رات کو لوگ سردی سے ٹھٹھر کر مرتے رہے حکومت اور انتظامیہ سوتی رہی۔