شوگران، ناران اور کاغان میں بھی مزید سیاحوں کاداخلہ بند

مانسہرہ (ڈیلی گرین گوادر)شوگران اور کاغان میں بھی مزید سیاحوں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ تقریباً ڈھائی فٹ تک برف پڑچکی ہے جبکہ ان علاقوں میں دو ہزار سے زائد سیاح موجود ہیں۔ڈپٹی کمشنر مانسہرہ قاسم خان نے سیاحتی مقامات شوگران اور کاغان میں مزید سیاحوں کے داخلے پر عارضی طور پر پابندی عائد کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ شدید برفباری آور موسم کی خرابی کی وجہ سے احتیاطاً پابندی لگائی گئی ہے۔

مری میں گنجائش سے زیادہ سیاحوں کی آمد، شدید برفباری کے باعث گاڑیوں کے پھنسنے کی وجہ سے سخت سردی میں 22 افراد گاڑیوں میں انتقال کرچکے ہیں، جبکہ سیکڑوں گاڑیاں ابھی بھی پھنسی ہوئی ہیں، جن میں موجود سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے مری جیسے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے عارضی طور پر شوگران اور کاغان میں مزید سیاحوں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی۔

ان کاکہنا ہے کہ شوگران میں اب تک ڈیڑھ سے دو فٹ جبکہ کاغان میں 2 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے، شوگران میں دو ہزار سے زائد سیاح موجود ہیں، زیادہ رش کی وجہ سے مزید سیاحوں کے آنے پر پابندی لگادی ہے۔ڈپٹی کمشنر مانسہرہ قاسم خان نے مزید کہا ہے کہ سیاحوں کو کوائی سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔واضح رہے کہ شدید برفباری کے باعث ان علاقوں میں لنک روڈز بھی بند ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شدید برفباری اور سخت موسم کے باعث تحصیل بالا کوٹ، کاغان، ناران اور شوگران میں ہر طرح کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق بالاکوٹ سے اوپر کی جانب گاڑیوں کا سفر شہریوں کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے، اس لئے سیاحوں اور گاڑیوں کا بالاکوٹ سے اوپر کی جانب سے سفر آئندہ احکامات تک بند رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے