بارشوں وبرف باری سے متاثرہ عوام کے ساتھ ہیں، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں امداد و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔بلوچستان حکومت، پاک فوج و این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور فوری امدادی کاموں کو تیز کر دیا ہے اور جلد از جلد مشکلات پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے پاک افواج کے ہمراہ متاثرہ علاقوں میں امداد و بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جنہیں تمام وسائل فراہم کئے جارہے ہیں اور انشاء اللہ حکومت متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنے تمام تر وسائل بروئے لاتے ہوئے متاثرین کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہم ان کے ساتھ ہیں اور متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بارش اور برف باری سے متاثرہ علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسپانس اور امداد و بحالی کے لئے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے پی ڈی ایم اے اور دیگر حکومتی اداروں پر زور دیا کہ وہ حالیہ طوفانی بارشوں اور متوقع برف باری کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور امداد و بحالی کے لئے پیشگی بھرپور اقدامات کریں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز نے کہا کہ بلوچستان میں معمولات زندگی کی بحالی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے پاک آرمی، فضائیہ اور نیوی کے جوانوں اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف اداروں نے سخت طوفانی اور سرد موسم میں متاثرہ علاقوں میں اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے امداد و بحالی کے کام انجام دیئے جو قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت وزیراعلیٰ قدوس بزنجو کی قیادت میں پاک افواج اور دیگر حکومتی ادارے بلوچستان میں معمولات زندگی کی جلد بحالی کے لئے اپنی بھرپور توانائی بروئے کار لاتے ہوئے د ن رات کوشاں ہے اور انشاء اللہ بہت جلد ان مشکلات پر قابو پالیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے