کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری متعدد قومی شاہراہیں اور ابطہ سڑکیں بلاک ہوگئیں، سڑکیں کھولنے کا کام جاری،آج صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان ہے، تفصیلات کے مطابق جمعہ کو بھی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا، کوئٹہ، قلات، مستونگ، کولپور، زیارت، خوجک ٹاپ، کان مہترزئی، خانوزئی، مسلم باغ میں جمعرات کو جمعہ کی درمیان شب برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو جمعہ کو وقفے وقفے سے جاری رہا اس دوران قومی شاہراہوں پر خوجک ٹاپ، زیارت روڈ سمیت دیگر شاہراہیں بند ہوگئیں جنہیں پی ڈی ایم اے، لیویز، ضلعی انتظامیہ، این ایچ اے نے مشینری کے ذریعے کھول دیا جبکہ شاہراہوں پر ہلکی ٹریفک کو آمد و رفت کی اجازت دی گئی کئی ایک مقامات پر دھند کے باعث بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم جمعہ کی شب تک صوبے کی قومی شاہراہیں ٹریفک کے لئے کھول دی گئیں،محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو خضدار میں 41، سبی میں 37، لسبیلہ میں 16، قلات میں 06، کوئٹہ سمنگلی میں 13، کوئٹہ آبزرویٹری میں 06، دالبندین، تربت میں 04، اورماڑہ میں 03، جیوانی، کوہلو، پنجگور میں 02، بارکھان میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جمعہ کی رات کوئٹہ،ژوب، زیارت،سبی، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات،خضدار، بارکھان، مستونگ،لورالائی،موسیٰ خیل اور ہرنائی میں تیزہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا سلسلہ جاری رہا بارشوں اور برفباری کے باعث کئی ایک مقامات پر چھتیں اور دیواریں گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، اوتھل کے علاقے دیرجا میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے ضلع چمن کے علاقے بوغرہ روڈ پرمکان کی دیوار گرنے سے تین بچے زخمی ہوئے محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔