حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، سردار محمد صالح بھوتانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے ضلع لسبیلہ کے علاقے دیرجا میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچوں کے جاں بحق اور دوافراد کے زخمی ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی آفات کو روکناانسان کے بس کی بات نہیں صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے صوبے کے عوام کو ہنگامی صورتحال کے دوران ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے، چھت گرنے کے واقعہ میں بچوں کے جاں بحق ہونے پر دل رنجیدہ ہے دکھ کی اس گھڑی میں سوگوادر خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں ضلع لسبیلہ میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کمشنر قلات ڈویژن، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ انسانی جانیں سب سے زیادہ قیمتی ہیں ان کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی انہوں نے ضلع لسبیلہ کے جتنے بھی علاقوں میں رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں انہیں بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے بعد فوری طورپر بحال کیا جائیگا انتظامیہ کو ہدایت کردی ہے کہ بارشوں سے متاثرہونے والوں کی ہرممکن امداد وبحالی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ لسبیلہ گوادر اورصوبے کے دیگر علاقوں کے بارش متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑینگے۔وزارت بلدیات نے صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو ہدایت جاری کیں کہ بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے حکومت کے لئے عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے صوبائی حکومت سے عوام کو جو امیدیں وابستہ کی ہیں انشاء اللہ ہم عوام کو مایوس نہیں ہونے دینگے۔