مسلم لیگ(ن)ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،احسن اقبال
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے شکر گزار ہیں جنھوں نے پریس کانفرنس میں ڈیل کی خبروں کی تردید کی۔
کراچی میں اسٹیٹ بینک کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے، ہم ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے شکر گزار ہیں جنھوں نے پریس کانفرنس میں مسلم لیگ کے ساتھ ڈیل کی تردید کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ آئی ایم ایف کے سامنے آج عمران خان سرینڈر کررہے ہیں اور حکومت اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کو گروی رکھ رہی ہے، اب اسٹیٹ بینک کی سالمیت کو ختم کرکے اس کو صرف آئی ایم ایف کا جوابدہ بنایا جارہا ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ یہ ایجنڈا ان لوگوں کا ہے جنھوں نے فارن فنڈنگ کے ذریعے عمران خان کو ملک پر مسلط کیا ہوا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ہر پاکستانی ملک کی خود مختاری بچانے کيلئے کردار ادا کرے کیوں کہ کہیں عمران خان ملک کی خود مختاری کا سودا نہ کرجائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پاس پہلی مرتبہ نہیں گیا لیکن ہم اپنی شرائط پر قرض لیتے تھے اور ادارے گروی نہیں رکھتے تھے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ملکی خود مختاری کو بيرونی اداروں سے يرغمال بننے سے روکيں کیوں کہ اگر يہ قانون نہ روکا گيا تو پاکستان ميں 2 اقتدار ہوجائيں گے۔لیگی رہنما نے کہا کہ ملک کے معاشی اعشاريے تباہ وبرباد کرکے ديواليہ کرديا گيا ہے۔