بنی گالہ کوریگولرائزکرنے والے مساجد کے پیچھے پڑگئے ہیں، مولانا عبد الرحمن رفیق
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سرپرست مولانا قاری مہر اللہ شیخ مولانا احمد جان مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا اشرف جان مفتی غلام نبی محمدی حافظ عبد الحق حقانی مولانا حکیم حبیب اللہ شیخ مولانا عبد الاحد مفتی عبد الغفور مدنی مفتی عبد السلام رئیسانی نے کہا ہے کہ لال مسجد کی خونی تاریخ دہرانے کی سازش کی جارہی ہے، ملک پر لینڈ مافیاز کی حکومت ہے،بنی گالہ کو ریگولرائز کرنے والے،مساجد کے پیچھے پڑگئے ہیں، مدینہ مسجد کی حفاظت کیلئے کارکن سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہوکر دفاع کریں گے، اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں مساجد بنانا ریاست کی ذمّہ داری ہے، تمام قانونی دستاویزات کی موجودگی میں انہدام کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے ورنہ ملک کے عوام سمجھیں گے کہ ایک بار جامعہ حفصہ اور لال مسجد کی خونی تاریخ دہرائی جارہی ہے جس کی جمعیت علماء اسلام اور تمام محب وطن جماعتیں اجازت نہیں دیں گی، کراچی کی مدینہ مسجد کے انہدام کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر شرعی ہے آج سے چالیس قبل کی تمام دستاویزات کی موجودگی کے باوجود اس قسم کے اشتعال انگیز فیصلوں کا مقصد مغرب کی خوشنودی کے علاوہ اور کچھ نہیں اس کے برعکس ملک بھر میں مندروں اور غیر قانونی عمارتوں کو حکومتی اداروں کی منشاء پر ریگولرائز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک پر لینڈ مافیا کی حکمرانی ہے اور جن قوتوں کی آشیرباد پر یہ حکومت کھڑی ہے ان کی زمینوں کے بارے میں کسی کو یہ جرائت نہیں کہ دو لفظ بول سکے۔انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت کے منافی کسی قسم کی قانون سازی اور فیصلے آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔