پیپلزپارٹی،(ن) لیگ کی فنڈنگ کی جانچ کا منتظر ہوں،عمران خان

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ وہ الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرح پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی بھی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کے منتظر ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کے عطیات کے ذریعے کی جانے والی پی ٹی آئی کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے اکاؤنٹس کی جتنی زیادہ جانچ پڑتال کی جائے گی، اتنے ہی زیادہ حقائق قوم کے سامنے آئیں گے کہ کس طرح پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی بنیاد سیاسی فنڈ ریزنگ پر مبنی ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے دیگر 2 بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی بھی اسی طرح کی جانچ پڑتال کا منتظر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قوم، حقیقی سیاسی فنڈریزنگ اور مفادات کی خاطر قوم کے پیسوں کے استعمال، بھتہ خوری کا فرق دیکھ سکے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کی تفصیلات سامنے آئی تھیں۔اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی فنڈز کی سال 2012 اور 2013 کی آڈٹ رپورٹ پر کوئی تاریخ درج نہیں جو اکاؤنٹنگ معیار کے خلاف ہے، آڈٹ فرم کی فراہم کردہ کیش رسیدیں بنک اکاؤنٹس سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے