اسکروٹنی رپورٹ سے عمران خان کا کرپشن سے آلودہ چہرہ سامنے آگیا، بلاول بھٹو
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے اسکروٹنی رپورٹ کے اجراء پراپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ کے بعد عمران خان کا کرپشن سے آلودہ بھیانک چہرہ سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سچ بولنے کا حلف اٹھا کر پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے۔کروڑوں روپے دیدہ دلیری سے خردبرد کرنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم دوسروں کو کرپشن کے طعنے دیتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم کی آڑ میں کرپشن کرکے ملک کو لوٹا ہے۔آج تباہ حال ملکی معیشت گواہ ہے کہ پی ٹی آئی سرکار قومی خزانے کو بیدردی سے لوٹ رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کو زبردستی کا ایمان دار ثابت کرکے قوم پر مسلط کیا گیا، اب حساب دینے کا وقت آچکا ہے۔