منی بجٹ کے ذریعے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کنٹرول کریگا، مولانا فضل الرحمان

پشاور(ڈیلی گرین گوادر) اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ نا اہل حکومت سے ہر پاکستانی پریشان و تنگ ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ نے واضح طور پر کہا کہ ہمارا مطالبہ عام انتخابات کے انعقاد کا ہے۔امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم 23 مارچ کو مہنگائی کے خلاف اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی۔

انہوں ںے کہا کہ منی بجٹ پر کوئی بحث نہیں کرائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں جانا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ کے ذریعے اسٹیٹ بینک کو اب آئی ایم ایف کنٹرول کرے گا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کررہے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ عوام اب موجودہ حکومت کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

امیر جے یو آئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت کو بدترین شکست ہوئی اور آئندہ کے مرحلے میں بھی اسے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ہم نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی کو کبھی بھی اپنا مخالف نہیں سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیپلزپارٹی اور اے این پی کو اپوزیشن کا حصہ سمجھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے سوچ وفکر میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں میں اتفاق رائے موجود ہے۔

انہوں ںے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں وہ نیوٹرل نظر آئے تو نتائج بھی سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی میں تمام اپوزیشن جماعتیں شہباز شریف کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ہرگز نہ سمجھے کہ ہم میں دراڑیں پیدا ہو گئی ہیں۔امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نواز شریف کا اپنا وطن ہے وہ کسی بھی وقت آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعاگو ہیں کہ نوازشریف خیرخیریت سے واپس آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مکمل امن کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے