چین ہمارا دوست ہیں جس نے ہرمشکل میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ چین پاکستان روایتی دوستانہ تعلقات، گوادر پورٹ کی ترقی اور خاص کر شاندار میگا پراجیکٹ سی پیک پر علمدارآمد سے نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں انہوں نے سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں چائنا اسٹڈی سینٹر کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل (Mr. Li Bijian) نے افتتاحی تقریب کے شرکاء سے آن لائن خطاب کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ چین ہمارا آزمودہ دوست ہیں جس نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ خیر سگالی کے تحت چائنا اسٹڈی سینٹر اور دیگر معاملات پر معاونت کیلئے ہم پوری چینی قوم اور چینی حکومت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ چینی سفارت خانہ کی جانب سے وویمن یونیورسٹی کی طالبات کیلئے چائنا سٹڈی سینٹر کا قیام عمل میں لانا، پاک چائنا کی گہری دوستی کی علامت ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلاشبہ چین نے بہت قلیل مدت میں حیران کن ترقی کی ہے اور وہ مختلف شعبوں میں ترقی کے عروج پر پہنچا اسطرح چین نے دنیا پر واضح کیا کہ وہ ایک بااہمت اور مضبوط قوم ہے جو تمام اقوام کیلئے ایک ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے. گورنر نے کہا کہ ہم بھی چین کی منفرد راہ پر چلتے ہوئے ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی میں چائنا اسٹڈی سینٹر کا قیام جدید علم وتحقیق سے نئی نسل کو روشناس کرانے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے. انہوں نے کہا کہ پاک چائنا کے تعلقات کو مزید مضبوط اور خوشگوار بنانے کیلئے اس بات کی ضرورت ہے کہ چائنیز اسٹوڈنٹس کو بھی اردو زبان سکھائی جائے جس سے عوام سے عوام کے درمیان رابطے اور تعلقات کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی. افتتاحی تقریب کے شرکاء سے کراچی میں تعینات چائنیز قونصل جنرل (Mr. Li Bijian) نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور وویمن یونیورسٹی میں چائنا اسٹڈی سینٹر کے قیام اور فروغ میں تعاون کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں معاونت جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہے. انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی کامیابی اور نشوونما کیلئے چینی اساتذہ بھی فراہم کیے جائیں گے. وویمن یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر نائید حق نے ادارے کی کارکردگی اور چائنا سٹڈی سینٹر کے قیام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی. آخر میں گورنربلوچستان نے وویمن یونیورسٹی کے احاطے میں چائنا سٹڈی سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔