سائنس کالج کے باہر ہونے والا دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیاگیا،ڈی آئی جی پولیس
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ فدا حسین شاہ نے کہا ہے کہ سائنس کالج کے باہر ہونے والا دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیاگیادھماکے میں ڈیڑھ کلو گرام بارودی مواداستعمال ہوا دھماکے کے مقام پر جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کی شہداء کانفرنس اختتام پذیر ہوئی تھی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کی رات بم دھماکے کی جگہ کے معائنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے مقام پر سائنس کالج میں جمعیت علماء اسلام نظریاتی کی شہدا کانفرنس ہورہی تھی پروگرام کو سیکورٹی دی گئی تھی رات 9بجکر40منٹ پرتقریب ختم ہونے کے بعد دھماکہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ دھماکے میں 4افراد شہید جبکہ 15افراد زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ کھمبے کے نیچے بارودی مواد رکھ کر ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا دھماکے کے ہدف کے حوالے سے ابھی تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال نو کے موقع پر سیکورٹی کے مربوط اقدامات کئے گئے ہیں۔