پاکستان میں او آئی سی اجلاس کا انعقاد نہایت احسن اقدام تھا ، ثمینہ ممتاززہری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کنونیئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ کامیاب او آئی سی اجلاس منعقد کر کے پاکستان نے موثر سفارت کاری کا حق ادا کر دیا جسے دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں او آئی سی اجلاس کا انعقاد نہایت احسن اقدام تھا جسے اسلامی ممالک کی بھرپور شرکت نے کامیابی سے ہمکنار کیا۔پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و خوشحالی اور ترقی کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس کے لئے ہر ممکن اقدامات کی بھرپور حمایت کی ہے اور کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و خوشحالی کا دارومدار افغانستان میں امن و خوشحالی پر منحصر ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لئے دنیا کو جگانے کے لئے او آئی سی اجلاس بلایااور اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کو بھرپورتاریخی و سفارتی کامیابی نصیب ہوئی جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے تمام ملکوں کیساتھ برابری کی سطح پر روابط کو قائم کرنا چاہتا ہے۔پاکستان 2022میں او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کی میزبانی کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں لاکھوں ضرورت مند افراد کی فوری امداد میں سہولت فراہم کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے طالبان حکام اور عالمی برداری پر زور دیا ہے کہ وہ افغان عوام کی ضروریات اور حقوق کے لئے اقدامات کومزید تیز کریں کیونکہ افغان معاشرے پر اثرانداز ہونے والا معاشی بحران وسیع تر ہورہا ہے جس کے اثرات نہایت تباہ کن ہوں گے اور لاکھوں انسانی جانوں کو سنگین خطرہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں لاکھوں لوگوں کو مدد کی اشد ضرورت ہے اس مشکل صورتحال میں افغان عوام کی امداد کے کام کو مزید تیز کرنا ہو گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہاکہ پاکستان،اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے بعد افغان عوام کی حمایت میں ہونے والی اہم پیش رفتوں میں سعودی عرب، کینیڈا، جاپان اور دوسرے ممالک کی جانب سے مالی امداد کے اعلانات کا خیرمقدم کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ عالمی برادری کی طرف سے افغانستان کو انسانی المیہ سے بچانے کے لئے کوششوں میں مزیدتیزی لائی جائے گی۔