صوبے میں ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لائی جائے اوران کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ وقت اوررقم کا ضیاع نہ ہو، مطہر نیاز رانا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور منصوبوں کے فنڈز ریلیز کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات حافظ عبدالباسط، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی محمد ہاشم غلزئی، سیکرٹری خزانہ عبدالرحمن بزدار اور پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ لعل جان جعفر نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لائی جائے اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ وقت اور رقم کا ضیاع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کی زندگی پر کافی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبائی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے 28 ارب روپے ریلیز کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ہم نے جاری منصوبوں کے لیے فنڈز ریلیز کیے ہیں اور بجٹ میں نئی سکیموں کے لیے جو مختص رقم ہے، بجٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فنڈز ان کو ریلیز کر دی جائے گی، تاکہ سال کے آخر تک تمام منصوبوں کے لیے مختص رقم دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے متعلقہ محکموں کو وقت پر ملے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے میں پانی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے میں پانی کی سطح بہتر ہوجائے۔ انہوں نے ڈیمز کی تعمیر سے متعلق منصوبوں کی ٹینڈر کو فروری تک جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں اور منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ فنڈز کو قانون کے مطابق منصوبوں کی تکمیل پر لگائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے