قائداعظم کا یوم پیدائش بلوچستان بھر میں قومی جوش و جذ بے کے ساتھ منایا گیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 145 واں یوم پیدائش بلوچستان بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ بابائے قوم کے خیالات اور نظریات کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ قائد اعظم کا یوم پیدائش کے موقع پر ایف سی پبلک اسکول میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ بچوں نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف ٹیبلوز پیش کیے۔ اس تقریب کا مقصد نوجوانوں کو قائد کے وڑن اور ان کے نظریہ پاکستان سے آگاہ کرنا تھا۔ ایک غیر نصابی سرگرمی سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ، یہ طلباء کے لیے قائداعظم کی زندگی اور ان کی جدوجہد کے بارے میں مزید جاننے کا ایک اچھا موقع بھی تھا۔ تمام شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو ایوارڈز پیش کیے گئے۔قائداعظم کے یوم پیدائش پر گوادر میں پاک فوج کی جانب سے حال ہی میں مرمت شدہ فٹبال گراؤنڈ میں مقامی فٹبال کلبوں کے درمیان فٹبال میچ کا انعقاد کیا گیا۔ گوادر کے معروف سماجی کارکن میر ارشد کلمتی نے ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ کمانڈر 440 بریگیڈ بریگیڈئیر فہد منصور، ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں، ماہی گیر برادری اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے میچ دیکھا۔ فٹ بال میچ کے بعد میرین ڈرائیو پر قائداعظم کی یادگار اور اظہار "میں گوادر سے پیار کرتا ہوں ” کا افتتاح کیا گیا جس میں 440 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈئیرفہد منصور،میر ارشد کلمتی، اسسٹنٹ کمشنر اور مقامی عمائدین شامل تھے۔قائداعظم کے یو م پیدائش پر پاک آرمی کی جانب سے آکرا اسکول میں تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ نگور کیمپ اور حسن بازار میں مقامی بچوں اور بڑوں کیلئے کرکٹ اور فٹ بال میچ کا انعقاد کیا گیا۔قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پاکستان کوسٹ گارڈ بلوچستان نے سماجی معاہدے کو بہتر بنانے کے لیے گورنمنٹ گرلز مڈل سکول اور گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول درہ گوٹھ اوتھل کے بچوں کے ساتھ یوم قائد منایا۔کمانڈنٹ 4 پاکستان کوسٹ گارڈ بلوچستان نے دونوں اسکولوں کے بچوں میں گڈی بیگز تقسیم کیے اور مردوخواتین ٹیچرز کو سوٹ دیے اور پرنسپل کے آفس کو دوبارہ سے مرمت کرنے کیلئے 10 ہزار روپے کااعلان کیا۔