کوئٹہ شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے،چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سے کوئٹہ کے نئے تعینات ہونے والے ایڈمنسٹریٹر شوکت علی نے ملاقات کی اس موقع پر سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی محمد ہاشم غلزئی اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور آئندہ شہر میں کہیں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر نظر نہیں آنے چاہیں۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کوڑے دان خالی کرنے اور گند ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایڈمنسٹریٹر خود روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا شہر ہے اور اس کی خوبصورتی کیلئے عوام صوبائی حکومت کے ساتھ شہر کی صحت وصفائی سمیت تعمیروترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ شہر میں جتنے بھی کچرہ دان کچرے سے بھری ہوئی ہیں۔ ان کی صفائی گزشتہ کئی عرصے سے نہیں ہوئی ہے کو فوری طور پر خالی کرائیں اور کچرا سڑکوں،گلیوں، مکانوں اور دکانوں کے ا?گے جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اس کو بھی فوری طور پر وہاں سے ہٹایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ میٹرو پولیٹن کے کمیٹی روم میں ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد کیا کریں تاکہ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جاسکیں۔ انہوں نے شہر میں پارکنگ نظام کو بھی بہتر کرنے کی ہدایت کی انہوں نے پارکنگ پلازہ میں عوام کی گاڑیوں کے لئے 12 گھنٹے تک فری پارکنگ کے احکامات جاری کیے جب تک کہ پارکنگ پلازہ کی نیلامی نہ ہوجائے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کو عوام اور تاجر برادری کا اعتماد حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ساکڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی بنانے کی بھی تاکید کی۔