ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن کی ریلی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن کی ریلی سول ہسپتال کوئٹہ سے نکالی گئی۔ جس میں پیرامیڈیکل سٹاف فیڈریشن کی مرکزی قیادت، ایپکا بلوچستان اور ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے وفود نے شرکت کی۔ریلی سول ہسپتال سے ہوتی ہوئی انسکمب روڈ کوئٹہ پہنچی جہاں کمشنر آفس کے سامنے وزیر اعلی بلوچستان کا پتلا جلایا گیا۔ریلی میں حکومت مخالف نعرے لگائے گئے، اور جیل میں قید اسیروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر ریڈ زون اور اطراف میں انتظامیہ کی جانب سے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن کی پر امن ریلی انسکمب روڈ اور ٹیکسی اسٹینڈ سے ہوتی ہوئی جناح روڈ پہنچی ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حکومت کے کسی ہتھکنڈے سے ڈرنے والے نہیں، ریلی میں نعرہ تکبیر کی صداؤں نے یہ باور کرا دیا کہ ینگ ڈاکٹرز حق کی جس جنگ کو لے کر نکلے ہیں اس جنگ میں فتح یابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ریلی جناح روڈ سے ہوتی ہوئی سول ہسپتال میں اختتام پذیر ہوئی۔