صوبے کے کھنڈرات نما ہسپتالوں کیلئے بنیادی سہولیات کا مطالبہ کرنے والے مسیحاء پچھلے 23 روز سے پابند سلاسل ہیں، ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے جاری کردہ پریس ریلیز کیمطابق موجودہ نااہل صوبائی حکومت نے عام عوام کیساتھ ساتھ تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی زندگیاں وبال بنادی ہیں، صوبے میں اپوزیشن نام کی کوئی شے سرے سے موجود ہی نہیں ہے،موجودہ وزیراعلی کا صوبے پر مسلط ہوتے ہی پورا صوبہ احتجاجی دھرنے کا منظر پیش کررہا ہے،صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری، عوام سے صحت کی بنیادی سہولیات چھیننے اور ان کھنڈرات نما ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز اور پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف فیڈریشن کی شروع کی گئی احتجاجی تحریک عوامی نمائندے کہلانے والے ان اپوزیشن اراکین کو بھی تاحال نہ جگا سکیں جو آئے روز حکومت کے خلاف شہر کے ہر چوراہے پر کھڑے ہوکر باشن دیا کرتے تھے بلکہ اپوزیشن اراکین حسب معاہدہ آنکھوں پر پٹی باندھے وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی حکومت بچھانے اور سب اچھا ہے کے گیت گانے میں مگن ہیں،روزانہ کی بنیادوں پر ان کھنڈرات نما سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرنے والی غریب عوام کی مایوسی نے ہمیں ان بے حس حکمرانوں کو جگانے اور انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانے پر مجبور کردیا ہے،قیدوبند کی مشقتیں اور جیل کی سلاخیں ہمیں اپنے عزائم سے کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹاسکتیں،ڈاکٹروں کے وقار کی بات ہو یا ہسپتالوں میں غریب عوام کو درپیش مشکلات ہو یا پھر ناکام ہیلتھ پالیسی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ہمیشہ ایک سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے عوامل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا،واضع رہے کہ 27 نومبر کے دن مذاکرات کے بعد رات کی تاریکی میں پرامن دھرنے میں شریک ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف فیڈریشن کے راہنماؤں کو تشدد کے بعد گرفتار کیا گیا جو پچھلے 23 روز سے تاحال پابند سلاسل ہیں،بیان میں واضع کیا گیا کہ غیر عوامی حکومت اور اپوزیشن اراکین اپنی مجرمانہ غفلت اور غیر سنجیدگی کے سبب ینگ ڈاکٹرز کو انتہائی اقدامات اٹھانے پر مجبور کررہی ہیں،عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمرجنسی سروسز سے بائیکاٹ اور شاہراہوں پر دھرنے دینے سے اجتناب کیا جارہا ہے اگر حکومتی بے حسی اور غیر سنجیدگی ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز کرگیا تو کسی بھی انتہائی اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کیا جائیگا جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ نااہل سلیکٹڈ حکومت پر عائد ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے