سانحہ اے پی ایس کے شہد ا اور انکے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سانحہ آرمی پبلک سکول شہدا کی 7ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول نے قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کیا،سانحہ اے پی سی کے معصوم شہدا ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے،دہشت اور وحشت کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ16دسمبر ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا،بزدل دہشتگردوں نے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، شہدا کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بہادر اور دلیر ہے ہمارے حوصلے پست کرنا ممکن نہیں۔ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ دہشتگردی اور تخریب کاری کے خاتمے کے لئے بحیثیت قوم اپنا کردار نبھائیں۔ سانحہ اے پی ایس کے شہدا اور انکے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے درجات بلند کرئے اور انکے والدین کو ہمت عطا فرمائے۔