پاکستان کا محنت کش طبقہ گوادردھرنے کی حمایت کرتی ہے،کامریڈ نذر مینگل
کوئٹہ:پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کے مرکزی چیئرمین کامریڈ نذر مینگل، صوبائی صدر غلام رسول، علی رضا منگول، یونس بلوچ، افضل خان، عمران خان، علی احمد بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گوادر کے عوام پچھلے پچیس دنوں سے اپنے جائز مطالبات کے حل کے لیے دھرنا دیئے ہوئے ہیں لیکن حکمرانوں نے اس سے مکمل چشم پوشی اختیار کی ہوئی ہے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے سے گریزاں ہے۔ اس ہٹ دھرمی سے یہ بات واضح ہے کہ موجودہ حکمران کسی بھی طرح عوامی نمائندگی نہیں کر رہے بلکہ استحصالی بالادست طبقات اور سرمایہ داروں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ حکمران بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور سی پیک کے ثمرات کی بات کر رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ گوادر کے ماہی گیر ٹرالر مافیا کے شدید استحصال کا شکار ہیں، پانی کی قلت کا سامنا ہے، جبکہ غیر قانونی فشنگ، سمندری حیات کی تباہ کاری اور سیکورٹی کے نام پر روزانہ کی اذیت نے مقامی مچھیروں اور عوام کی کی زندگیاں اجیرن کردی ہے۔ جس کی وجہ سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے اور وہ اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے پر مجبور ہوئے ہیں اور کئی ہفتوں سے گوادر میں دھرنا دیئے ہوئے ہیں جس میں مرد و خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شریک ہیں۔ بیان میں گوادر کے عوام کے جائز مطالبات کو فوری طور پر پوری کرنے اور ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ گوادر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پورے پاکستان کا محنت کش طبقہ اس جدوجہد میں آپ کے ساتھ ہیں محنت کش طبقہ گوادر کے دھرنے کی حمایت کرتی ہے۔