تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت نئی نسل کو زمانے سے آشنائی کا فن سکھاتی ہے،نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاستدان وکتاب دوست شخصیت نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت نئی نسل کو زمانے سے آشنائی کا فن سکھاتی ہے، والدین اور اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے غفلت ہر گز نہ برتیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی نیشن اسکول میں سالانہ تقسیم انعامات اور یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ نئی نسل کی بہتر تربیت معاشرے کا اجتماعی فریضہ ہے، تعلیم کے میدان میں نام پیدا کرنے والے بچوں کو اعزازات سے نوازنے سے ان کا حوصلہ بڑھتا ہے والدین اپنے بچوں کو بہترین اور باوقار شہری بنانے کیلئے تعلیمی ادارے میں لاتے ہیں اس لئے تعلیم کے ساتھ اساتذہ قوم کے مستقبل کی اچھی تربیت بھی کریں والدین تعطیلات کے دوران بچوں میں کتب بینی کا شوق ڈالیں کیونکہ کورونا کی وباء سے تعلیمی اور معاشی نظام جمود کا شکار رہا ہے والدین تعلیمی خلا کو کتب بینی سے پورا کریں تاکہ بچے کتاب سے جڑے رہیں۔اس موقع پر سابق کونسلر حلقہ 47 نیاز خان بڑیچ اسکول کے پرنسپل حاجی افضل خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات اور اساتذہ کو انعامات اور اعزازات دیئے گئے۔