بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے، میراسد اللہ بلوچ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر زراعت میر اسد اللہ بلوچ نے ڈائریکٹر جنرل زرعی ریسرچ کا گزشتہ روز دورہ کیا۔ اس موقع پر تمام متعلقہ حکام سمیت سیکرٹری زراعت امید علی کھوکر اور ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ انعام الحق بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت میر اسد اللہ بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں زراعت و پیداواری شعبے کی ترقی کو اولین فوقیت حاصل ہے جبکہ صوبہ کی تعمیر و ترقی میں اقدامات کو تقویت دینے کی ضرورت ہے ہم بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ صوبے کی اکثر ابادی اور پیداوار کا دارومدار زراعت و زرعی اجناس کی پیداوار سے وابستہ ہے اور اس سے منسلک کاشتکار اور زمینداروں کی معاونت کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انکی رہنمائی اور جدت پر مبنی تکنیکی استعداد کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے اس کے لیے آنے والے دنوں میں تمام اضلاع میں مشاورتی اور آگاہی سمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہمارا صوبہ پہلے ہی پسماندگی اور غربت کا شکار ہے محکمہ زراعت سے منسلک افسران و فیلڈ زرعی ماہرین اپنا مربوط کردار ادا کرتے ہوئے کاشکاروں اور کسانوں کی معاونت کو یقینی بنائیں تاکہ ہم بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے منازل طے کر سکیں۔ اس موقع پرسیکرٹری زراعت امید علی کھوکر اور ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ انعام الحق نے بتایا کہ تحقیاتی ادارہ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ انکے ادرے سے وابستہ افسران و فیلڈ اسٹاف زمینداروں اور کاشکاروں کی معاونت اور معلومات کی رسائی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ انکے ادرے نے ایک سہولت کار سینٹر کا اجراء کر دیا ہے جس میں زمینداروں کو انکے زمین اور کاشت کاری کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی موسمی پھلوں اور عام زرعی پیداوار سے ہٹ کر بروکلی اور مشروم، زیتون کی کاشت کے لیے بھی انکی رہنمائی کی جا رہی ہے جو کہ کم پانی میں کاشت کرتے ہوئے زیادہ منافع بخش پیداوار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیتون کی کاشت کے لیے اب تک صوبے بھر میں چھ لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں جن سے ہزاروں لیڑ تیل کی پیداور ممکن بنائی جا رہی ہے۔