وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے وائس چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر ناصر مجید کی قیادت میں انجینئرز کے نمائندہ وفد کی ملاقات

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے وائس چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر ناصر مجید کی قیادت میں انجینئرز کے نمائندہ وفد نے یہاں ملاقات کی۔ صوبائی وزیر میر اسداللہ اللہ بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں وائس چیئرمین پی ای سی نے وزیر اعلیٰ کو انجینئرز کمیونٹی کے مسائل، حاضر سروس اور بے روزگار انجینئرز کو درپیش چیلنجز سے سے آگاہ کیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تعمیر و ترقی میں انجینئرز کا کردار اہمیت کا حامل ہے وزیر اعلیٰ نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ انجینئرز کے لئے ٹیکنیکل الاؤنس سمیت بیروزگار انجینئرز کو بڑے میگا پروجیکٹس میں روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے گوادر،تربت،لورالائی اور خضدار میں پی ای سی کو برانچ دفاتر قائم کرنے کے لیے اراضی فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ انجینئرز کمیونٹی کے مسائل کے حل اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بروقت عمل درآمد کے لئے صوبائی وزیر میر اسداللہ بلوچ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کمیٹی کی تیار کردہ سفارشات کی منظوری دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے