صوبے کا نام روشن کرنے والے صوبے کے کھلاڑی ہمارافخر ہیں، وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لئے جلد چیف منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا حکومت صوبے کے تمام کھلاڑیوں کو ہر سطح پر بھرپور سپورٹ کرے گی ملک اور صوبے کا نام روشن کرنے والے صوبے کے کھلاڑی ہمارا فخر ہیں اور انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کریں گے جس سے ان کی صلاحیتیں مزید نکھر کر سامنے آئئیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے روس میں بین الاقوامی کک باکسنگ مقابلوں میں گولڈ اور سلور میڈل حاصل کرنے والے بلوچستان کے کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی اور سیکریٹری کھیل میر عمران گچگی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں مجموعی طور پر کھیلوں کی ترویج، کک باکسنگ کے فروغ سمیت صوبے میں 34 ویں قومی کھیلوں اور مقابلوں کے انعقاد اور اس حوالے سے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی نے وفد میں شامل کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی شاندار کارکردگی کی بدولت ملک اور صوبے کا نام عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے جو یقینا قابل ستائش ہے اور آنے والے کھلاڑی بھی آپکے نقش قدم پر چلیں گے انہوں نے کہا کہ کھیل معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں اور ہم اپنے کھلاڑیوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ اپنی دلچسپی کے مطابق کسی بھی کھیل کا انتخاب کرتے ہوئے اس کیھل میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہماری حکومت کھیل اور کھلاڑیوں کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعلی نے اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ اور سیکریٹری کھیل عمران گچگی کی صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی بدولت صوبے میں نہ صرف کھیلوں کو فروغ مل رہا ہے بلکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتیں بھی کھل کر سامنے آرہی ہیں وزیر اعلی نے اس موقع پر گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی سید عید محمد کے لیے دو لاکھ روپے کیش اور سلور میڈل جیتنے والے علی نوروز کے لیے ایک لاکھ روپے کیش پرائز کا اعلان بھی کیا۔ جس پر کھلاڑیوں نے وزیراعلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں حکومتی سطح پر سپورٹ کیا جائے اور وسائل فراہم کیے جائیں تو پاکستان اور بلوچستان کے لیے مزید ایسے تمغے لا سکتے ہیں۔بعد ازاں وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے صدر سمیع اللہ نے سوئنئرز کا تبادلہ بھی کیا۔